27 نومبر ، 2018
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کے بارے میں لاہور قلندرز کی انتظامیہ پر امید ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز کھیلیں گے اور پاکستان میں ہونے والے 8 میچوں کیلئے بھی دستیاب ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ویلیئرز کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شمولیت سے لاہور قلندرز کو اسپانسرز کی جانب سے اچھا رسپانس مل رہا ہے۔ لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) رانا عاطف پر امید ہیں کہ ڈی ویلیئرز سے آئی سی سی کے سابق سربراہ ہارون لورگاٹ براہ راست رابطے میں ہیں جو انہیں پاکستان آنے کیلئے قائل کر لیں گے۔
پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کا حصہ بننے والے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ پاکستان سپر لیگ کے سات میچوں میں شرکت کریں گے اور اس بات کے امکانات کم ہیں کہ وہ پاکستان آئیں۔
رانا عاطف نے کہا ہے کہ ڈی ویلیئرز کی شمولیت سے ہماری ٹیم کا توازن بہتر ہوگیا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں ہماری ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ چوں کہ پورے ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب نہیں تھے اس لیے ہم نے ایسے غیر ملکی کھلاڑی کو لیا جو پی ایس ایل میں ہماری ٹیم میں اپنی کارکردگی سے جان ڈال سکے۔
اسٹیو اسمتھ پاکستان سپر لیگ سے قبل پانچ جنوری کو شروع ہونے والی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شرکت کریں گے۔ اسٹیو اسمتھ اور شعیب ملک کومیلا وکٹورین کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ کیلئے پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ منیجر منصور رانا کو اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امکان ہے کہ منصور رانا، عاقب جاوید کے اسسٹنٹ ہوں گے۔ منصور رانا کا شمار پاکستان کے اچھے اور قابل اعتماد کوچز میں ہوتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ میں لاہور قلندرز نے سابق جنوبی افریقی کپتان ڈی ویلیئرز اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو منتخب کیا ہے۔ کرس گیل اور کرس لین کو کسی بھی ٹیم نے لینے سے گریز کیا۔ ویسٹ انڈین کرس گیل دنیا بھر میں اپنی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں لیکن مسلسل دوسرے سال وہ پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔
چھٹی ٹیم نے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو منتخب کیا ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈوائن براوو، پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کو خریدا۔
رانا عاطف کا کہنا ہے کہ برینڈن میک کولم کی جگہ محمد حفیظ لاہور کی قیادت کریں گے۔ سابق کپتان مصباح الحق کو پشاور زلمی نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں خریدا۔
کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں بابر اعظم، محمد عامر اور کولن منرو کو برقرار رکھا ہے جبکہ جنوبی افریقا کے کولن انگرام کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتقل کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ اس بار بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔