کوئی میرے بارے میں کیا سوچتا اور کیا کہتا ہے اس کی پرواہ نہیں، اسد شفیق

ابوظہبی میں اپنے کیرئیر کا 66 واں ٹیسٹ کھیلنے والے اسد شفیق نے اب تک 12 سنچریاں اسکور کی ہیں — فوٹو: جیو نیوز 

ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیسٹمین اسد شفیق کا کہنا ہے کہ کوئی میرے بارے میں کیا سوچتا ہے اور کیا کہتا ہے مجھے اس کی پرواہ نہیں۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز  104 رنز بنانے والے قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اسد شفیق کا کہنا ہے کہ اس سال یہ ان کی پہلی ٹیسٹ سنچری ہے جس پر وہ اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کے جانے کے بعد ان پر اور اظہر علی کے کندھوں پر جو ذمہ داری پڑی ہے، اسے وہ نبھانے کی کوشش کرتے ہیں اور خوشی ہے کہ کئی اننگز کے بعد ان کی سابق کپتان کے ساتھ سنچری شراکت ہوئی۔

دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ اظہر کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے وہ ہمیشہ خوشی محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اختتامی بلے باز زیادہ رنز نہ بنا سکے تاہم ابھی میچ میں دو دن باقی ہیں اور کوشش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کو کم سے کم اسکور تک رکھیں کیوں کہ ابوظہبی میں چوتھی اننگز کھیلنا ہرگز آسان نہیں ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں اسد شفیق نے کہا یونس اور مصباح بھائی جیسا تو کوئی نہیں، البتہ بابر اعظم اور حارث سہیل کو آپ سراہ سکتے ہیں کیوں کہ وہ مسلسل رنز کر رہے ہیں۔

اسد شفیق کا کہنا تھا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا،کون میرے بارے میں کیا کہتا ہے یا کیا سوچتا ہے کیوں کہ میرا کام اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور پرفارم کرنا ہے جو میں کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔

یاد رہے کہ 2010ء میں ابوظہبی میں جنوبی افریقا کیخلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اسد شفیق جو بناء ڈراپ ہوئے اب تک 66 واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک 12 سنچریاں بناچکے ہیں۔

مزید خبریں :