05 دسمبر ، 2018
کوئٹہ: تلور کے شکار کیلئے ایک اور قطری شہزادے نے ایک لاکھ ڈالر فیس جمع کرا دی۔
ادارہ برائے تحفظ جنگلی حیات کے مطابق ایک لاکھ ڈالر کی خطیر رقم قطری شہزادے کی جانب سے ان کے نمائندے نے کوئٹہ کے ایک سرکاری بینک میں گزشتہ روز جمع کرائی۔
حکام نے بتایا کہ قطری شہزادے کو 10 روز کیلئے بلوچستان کے جنوبی حصےکا ایک علاقہ الاٹ کیا گیا ہے اور انہیں 100 تلوروں کے شکار کی اجازت ہو گی، اگر 10 روز کے بعد بھی شکار جاری رہا تو مہمان شخصیت کو ایک لاکھ ڈالر مزید جمع کرانا ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں 2 قطری شخصیات کو شکار کی اجازت دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق عرب شہزادوں کی جانب سے جمع کردہ رقم وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے فنڈ میں جمع ہو گی، اس سے نہ صرف غیرقانونی شکار کی حوصلہ شکنی ہو گی بلکہ صوبے میں نایاب جنگلی حیات کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قطری شہزادے شیخ فلاح بن جاسم کو شکار کیلئے بلوچستان کا علاقہ جھل مگسی الاٹ کیا گیا ہے اور قطری شہزادے کو 10 روز میں 100 تلوروں کے شکار کی اجازت ہو گی۔
قطری شہزادے فلاح بن جاسم نے ایک لاکھ ڈالر فیس جمع کرائی تھی جس کے بعد انہیں اجازت دی گئی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ماضی میں تلور کے شکار کے سخت مخالف رہے ہیں لیکن اپنے دور حکومت میں انہوں نے قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دیدی ہے۔