12 دسمبر ، 2018
کراچی: ترجمان سوئی سدرن کا کہنا ہےکہ فنی خرابی پر گمبٹ اور کنرپسا گیس فیلڈ سے گیس کم سپلائی ہورہی ہے۔
ترجمان سوئی سدرن شہباز اسلام نے بتایا کہ سسٹم میں پہلے سے گیس کی کمی تھی اور فنی خرابی کی وجہ سے گیس کی مزید کمی ہوگئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ریگولر گیس ملنے پر سی این جی سیکٹر کو گیس فراہم کردیں گے تاہم اولین ترجیح گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کاکہنا ہےکہ سندھ میں گیس بحران پر گیس فیلڈز میں تکنیکی فالٹ کا سوئی سدرن کا دعویٰ غلط ہے۔
اندسٹری کے ذرائع کے مطابق گمبٹ اور کنر پساکی گیس فیلڈز میں کوئی تکنیکی خرابی نہیں اور گیس پیداوار معمول کے مطابق ہے۔
علاوہ ازیں رہنما سی این جی ایسوسی ایشن شبیر سلیمان جی نے کہا ہے کہ سوئی سدرن قلت کا منطقی جواب نہیں دے رہی، ایل این جی سپلائی میں تعطل پر گیس سوئی نادرن منتقل کردی گئی۔
واضح رہےکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک ہفتے سے گیس فیلڈز میں خرابی کا دعویٰ کیا ہے اور گیس فیلڈز میں خرابی کو بہانہ بنا کر گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
انڈسٹریز اور رہائشی علاقوں میں گیس کی سپلائی بری طرح متاثر ہے جب کہ ایک ہفتے کے دوران سندھ بھر میں 4 دن سی این جی اسٹیشنز بھی بند رہے اور سوئی سدرن نے غیرمعینہ مدت تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بند کردی ہے۔
سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی بند ہونے سے کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بسیں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے جس سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔