29 دسمبر ، 2018
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کے درمیان گلے شکوے دور کرادیئے۔
احسان مانی نے کوچ مکی آرتھر اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے جوہانسبرگ میں ملاقات کی جس میں قومی ٹیم کی کارکردگی سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں احسان مانی نے مکی آرتھر اور سرفراز احمد کے تمام گلے شکوے دور کیے اور دونوں میں ناراضگی ختم کرائی۔
سنچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی چھ وکٹ کی شرم ناک شکست اور سنیئر کرکٹرز کی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ جھڑپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کپتان سرفراز احمد کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی میں بہتر لانے کی تلقین کی ہے۔
میڈیا پر کپتان، کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو تبدیل کرنے کے بارے میں بھی احسان مانی نے افواہوں کو غلط قرار دیا ہے اور کپتان سرفراز احمد کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔
ذرائع کا دعوی ہے کہ احسان مانی کو مکی آرتھر کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بارے میں منیجر طلعت علی ملک نے بریف کیا اور احسان مانی نے مکی آرتھر اور سرفراز احمد سے کہا کہ ڈریسنگ روم کی کہانیاں میڈیا میں آنا اچھی بات نہیں ہے لہذا غیر ضروری تنازعات سے گریز کریں۔
پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں ملاقاتیں خوشگوار ماحول میں ہوئیں اور احسان مانی نے مکی آرتھر کا مؤقف سنا جس میں مکی آرتھر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے پاکستانی ٹیم جیتے ہوئے میچ ہار رہی ہے اور میں نے کھلاڑیوں سے یہی بات کی ہےکہ بار بار ناکام ہونے کی روش تبدیل کریں کیوں کہ کھلاڑی پہلا ٹیسٹ ایک گھنٹے کی خراب کارکردگی کے بعد ہاری ہے۔
سرفراز احمد سے ملاقات میں کپتان نے چیئرمین کو شکست کے بارے میں بتایا، پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ ابھی پہلا ٹیسٹ ختم ہوا ہے، قوم کی نظریں ٹیم پر لگی ہوئی ہیں، اس لئے ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کریں۔
انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ پورا دورہ باقی ہے اس لئے شکست کو جواز بناکر ہمت نہ ہاریں۔
دوسری جانب احسان مانی نے کرکٹ جنوبی افریقا کے حکام سے بھی ملاقات کی اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ اپنی ٹیم کو پاکستان کے دورے پر بھیجیں۔
پی سی بی چیئرمین کا کہنا ہے کہ میری جنوبی افریقا حکام سے دوستی ہے اور امید ہے کہ معاملات درست سمت میں آگے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرجذبات پر قابو نہ پاسکے اور ان کی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر بیٹسمینوں سے شدید جھڑپ ہوئی جس کے بعد معاملہ گالی گلوچ تک پہنچ گیا تھا۔
مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کر دیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دی تھیں۔
چیئرمین پی سی بی نے گزشتہ روز ٹیم منیجر طلعت علی سے ملاقات کی تھی اور ڈریسنگ روم کی خبریں منظرعام پر آنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔