پاکستان
Time 10 جنوری ، 2019

کراچی ٹریفک پولیس کا سی این جی سلنڈر پر چلنے والی اسکول وینز کیخلاف کریک ڈاؤن


کراچی میں اسکول وین مالکان اور ڈرائیورز کی جانب سے ٹریفک پولیس کے رویے کیخلاف احتجاج کیا جارہا ہے جب کہ ٹریفک پولیس نے گیس سلنڈر پر چلنے والی اسکول وینز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

کراچی کے علاقے لکی اسٹار کے مقام پر اسکول وین مالکان اور ڈرائیورز جمع ہوئے اور ریلی کی شکل میں کراچی پریس کلب تک پہنچے جہاں انہوں نے احتجاج کیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ٹریفک پولیس کے رویے کیخلاف اور سی این جی پر اسکول وینز چلانے کی اجازت دینے کے مطالبات درج تھے۔ 

اسکول وینز مالکان کے احتجاج کے باعث بعض اسکولوں میں طالب علموں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا، والدین کا کہنا ہے کہ رات کو وین ڈرائیور کا میسج آیا کہ بچوں کو لینے نہیں آئیں گے، وین مالکان سی این جی سے پیٹرول پر آئیں گے تو کرائے میں بھی اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس نے سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر پر چلنے والی اسکول وینز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ 

یاد رہے کہ چند روز قبل اورنگی ٹاؤن میں اسکول وین میں اچانک آگ لگنے کے باعث 14 طالبعلم جھلس گئے تھے، جب کہ آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتایا جاتا ہے۔ 

مزید خبریں :