23 جنوری ، 2019
ڈربن ون ڈے میں سرفرازاحمد کے نسلی تعصب پر مبنی جملوں کے 24 گھنٹے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی حرکت میں آگیا ہے۔
اپنے ردعمل میں پی سی بی نے ڈربن واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور واضح طور پر کہا ہے کہ بورڈ کسی بھی طرح کپتان سرفراز احمد کی حرکت کی حمایت کرتا ہے اور نہ اس قسم کے واقعات کی سرپرستی کرے گا کیوں کہ نسلی تعصب کے بارے میں بورڈ کی عدم برداشت کی پالیسی ہے۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے نسل پرستی کے کسی بھی نظریے کا کبھی ساتھ نہیں دیا ہے۔ یہ واقعہ کھلاڑیوں کی اخلاقیات کے حوالے سے تربیت کی اہمیت اجاگر کرتا ہے اور مسقتبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے تربیتی پروگرام میں اضافے کی ضرورت ہے۔
پی سی بی کے مطابق مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے اخلاقیات کے حوالے سے تربیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ پی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ اس افسوس ناک واقعے کا جنوبی افریقا کی سیریز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ سیریز میں کئی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی سامنے آئی ہے اور تماشائیوں کی بڑی تعداد کھیل کی اسپرٹ کو سامنے رکھتے ہوئےاسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔ بقیہ میچوں میں بھی تماشائی کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں گراؤنڈ کا رخ کریں گے۔