جیونیوز نے نیب کے چھاپے میں آغا سراج کے گھر سے لی گئی چیزوں کی تفصیلات حاصل کرلیں

ویڈیو اسکرین گریب

کراچی: جیونیوز نے نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کے گھر چھاپے کے دوران تحویل میں لی گئی چیزوں کی تفصیلات حاصل کرلیں۔

جیونیوز کے مطابق نیب حکام نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر سے چھاپے کے دوران جائیداد، گاڑیوں اور گھروں سے متعلق اہم دستاویزات حاصل کیں جب کہ گھر سے جو چیزیں تحویل میں لی گئیں ان سب کا سیزر میمو بنایا گیا ہے۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ آغا سراج درانی کے اہلخانہ کے سامنے سیزر میمو بنایا گیا جس پر ان کی صاحبزادی سے تصدیقی دستخط کرائے گئے۔

نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی صاحبزادی سے زبردستی دستخط کرانے اور اہلخانہ سے کسی بھی قسم کی بدسلوک کی سختی سے تردید کی ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ آغا سراج درانی کے گھر سے حاصل چیزوں کی فہرست عدالت میں پیش کی جائے گی اور عدالت کو تمام معاملے سے آگاہ بھی کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آغا سراج درانی سے مثبت سمت میں تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہےکہ نیب نے گزشتہ روز اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا اور اسی روز کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ بھی مارا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیب اہلکاروں پر الزام عائد کیا تھا کہ اہلکاروں نے آغا سراج درانی کے اہلخانہ سے بدسلوکی کی اور ان کی صاحبزادی سے دستاویزات پر زبردستی دستخط کرائے۔


مزید خبریں :