Time 18 مارچ ، 2019
پاکستان

سانحہ کرائسٹ چرچ: ملک بھر میں یوم سوگ، قومی پرچم سرنگوں

فائل فوٹو

اسلام آباد: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردی کے واقعے میں 50 افراد کی شہادت پر ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی سمیت صوبے کی بیشتر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے، اسی طرح پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی کرائسٹ چرچ واقعے پر یوم سوگ منایا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کا قومی پرچم نیوزی لینڈ کے شہداء کے سوگ میں سرنگوں رہے گا، ورثاء اپنے پیاروں کی میتوں کی حوالگی کا انتظار کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جنگی جنون میں مبتلا لیڈرشپ کا ابھرنا دینا کو غیر محفوظ بنارہا ہے، اس پاگل پن سے نمٹنے کے لیے تہذیبوں میں مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ خاندانوں سے رابطہ ہوگیا ہے، ایک پاکستانی شدید زخمی ہے جس کی حالت نازک ہے، ہمارے ڈپٹی ہائی کمشنر ان کی فیملی سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تین خاندانوں نے میتیں پاکستان لانے کی درخواست کی ہے جب کہ 6 پاکستانی شہدا کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی تدفین نیوزی لینڈ میں ہی کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلخانہ میتوں سے متعلق جو فیصلہ کریں گے اس کا احترام کریں گے، 6 میتوں کے کفن دفن کا انتظام کرائسٹ چرچ میں ہی ہو گا، 3 میتیں پاکستان لائی جائیں گی، اگر اہلخانہ نے فیصلے پر نظرثانی کی تو ہم تعاون کریں گے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کے کیوی ہم منصب نے بتایا کے 4 افراد زیرحراست ہیں، لیکن نیوزی لینڈ کے حکام کی جانب سے ایک ہی شخص کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ کرنے والا دہشتگرد حال ہی میں نیوزی لینڈ واپس آیا تھا، دہشتگردی کے اس واقعے سے پہلے اس نے ای میل بھی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ نے بتایا کے میتوں کی شناخت کا عمل بہت مشکل تھا، کل سےمیتوں کی حوالگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیوی حکام سے تمام تر تحقیقات سےآگاہ رکھنے کا کہا ہے۔

مزید خبریں :