Time 06 اپریل ، 2019
پاکستان

حکومت گرانے میدان میں نکل چکے، جو کرنا ہے کرلیں: فضل الرحمان

اگر اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم مل کر الیکشن لڑیں گے تو گالی اور گولی کا اتحاد ہوجائے گا، سربراہ جے یو آئی (ف) — فوٹو:فائل 

پنوں عاقل: جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے میدان میں نکل چکے ہیں اور حکومت کو جو کرنا ہے کرلے۔ 

پنوں عاقل میں میڈیا سے گفتگو میں سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف آصف زرداری ہم سے کئی گنا زیادہ پیچھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور اور پنجاب میں کچھ ملین مارچ باقی ہیں پھر اسلام آباد جائیں گے، اس حکومت کو مزید ٹائم دینا اسے تسلیم کرنے کے برابر ہے، ہم حکومت گرانے میدان میں نکل چکے ہیں لہٰذا حکومت کو جو کرنا ہے کرلے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ کا بڑا قرضہ اس دور حکومت میں لیا جارہا ہے جب کہ نیب ایک انتقامی ادارہ ہے۔  

جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فضل الرحمان اور خورشید شاہ جیل جائیں گے تو مولانا فضل الرحمان نے جواب میں کہا کہ کسی بندے دے پتر کا حوالہ تو دیا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں قیادت سے لے کر کارکن تک گالی اور گالی ہے، اگر اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم مل کر الیکشن لڑیں گے تو گالی اور گولی کا اتحاد ہوجائے گا۔

مزید خبریں :