Time 13 اپریل ، 2019
پاکستان

پاپڑ والے نے حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ ڈالرز بھیجے: فواد چوہدری

 پاکستان کے ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: فواد چوہدری۔ فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک پاپڑ والے نے دبئی سے حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ ڈالرز منتقل کیے۔

کھیوڑا میں دوستی اسپورٹس فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کارنامے سامنے آ رہے ہیں، حمزہ شہباز نے پنڈ دادن خان کے پاپڑ والے کا شناختی کارڈ استعمال کیا، اس پاپڑ والے نے حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں دبئی سے ڈیڑھ ملین ڈالرز بھیجے۔

پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی آج اندرون سندھ کی ایک چھوٹی سی پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بلاول اپنے کاروان میں اپنے والد آصف زرداری کی تصاویر استعمال نہیں کرتے، زرداری صاحب کبھی بے نظیر اور کبھی ذوالفقار بھٹو کی سالگرہ اور برسی مناتے ہیں، کبھی حاکم علی زرداری کو بھی یاد کر لیا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ جمہوریت خطرے میں ہے اور نہ ہی اسلام خطرے میں ہے، خطرے میں ڈاکو ہیں، کچھ جیل میں ہیں اور کچھ جیل سے باہر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل میں موجود ڈاکو کی باہر آنے کی کوشش ہے، جو باہر ہیں وہ بچنےکی کوشش کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، پاکستان کو انشاءاللہ روشن مستقبل دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میں نئی خارجہ پالیسی لیکر آ رہی ہے، سعودی عرب، یو اے ای اور ایران عمران خان کو مسلم اُمہ کا لیڈر سمجھتے ہیں۔

کوئٹہ دھماکے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات دنیا کے مختلف ممالک میں ہو رہے ہیں، کوئٹہ جیسے واقعات ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے، ہزارہ کمیونٹی کا درد ہمارے دلوں میں ہے۔

مزید خبریں :