14 اپریل ، 2019
کوئٹہ: ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں دھماکے کے خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاء ڈی این اے کے لیے بھجوا دیے گئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) کے حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء ڈی این کے لیے بھجوائے گئے ہیں جب کہ اس کی شناخت کے لیے نادرا سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ہزار گنجی میں کرائم سین کی جیو فینسنگ بھی کی جائےگی۔
یاد رہے کہ جمعہ کو ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں خود کش دھماکے میں ایک ایف سی اہلکار اور 2 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
دوسری جانب ہزار گنجی واقعے کے خلاف مغربی بائی پاس پر ہزارہ برادری کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے، گزشتہ 40 گھنٹوں سے جاری دھرنے میں خواتین اور بچے بھی شریک ہیں جن کا مطالبہ ہے کہ حکومت مؤثر سیکیورٹی پلان ترتیب دے اور ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرے۔