کھیل

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کیلئے خوشخبری، آل راؤنڈر شاداب خان فٹ ہوگئے


ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان فٹ ہوگئے، وہ پاکستان ٹیم کو جوائن کرنے جمعرات کی صبح لندن روانہ ہورہے ہیں۔

شاداب کا نام ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم میں شامل تھا لیکن ان فٹ ہونے کے بعد ان کی جگہ یاسر شاہ ٹیم کا حصہ بنے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کی شام باضابطہ اعلان کیا کہ شاداب خان ورلڈ کپ کیلئے فٹ ہوگئے ہیں۔ شاداب خان 17 مئی کو ڈاکٹر پیٹرک کینیڈی سے معائنہ کرائیں گے اور 20 مئی کو برسٹل میں ٹیم جوائن کریں گے۔

اس حوالے سے شاداب کا کہنا ہے کہ میں خوش ہوں کہ خون میں وائرس منفی آیا ہے۔ میں ہمیشہ پر اعتماد تھا کہ میں مکمل فٹ ہوں گا۔

پاکستان کرکٹ کیلئے یہ ایک شاندار خبر ہے۔ پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے کہا کہ شاداب خان کا انگلینڈ میں ماہر ڈاکٹر سے چیک اپ کرایا گیا۔

شاداب خان کی ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں شرکت فٹنس اور منیجمنٹ کے فیصلے پر منحصر ہے۔ وارم اپ میچز 24 اور 26 مئی کو افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوں گے۔

شاداب خان ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل تھے لیکن خون میں ہیپاٹائیٹس سی کے وائرس کی تشخیص کے باعث باہر ہو گئے تھے۔ شاداب خان کی جگہ 15 رکنی اسکواڈ میں یاسر شاہ کو شامل کیا گیا تھا۔

شاداب خان کے فٹ ہونے پر اب یاسر شاہ کو جگہ خالی کرنا ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ اسپنر شاداب خان کے فٹ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

2 روز قبل ان کے خون کے نمونے لیے گئے تھے جن میں ہیپاٹائیٹس سی کا وائرس نہیں پایا گیا۔ شاداب خان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری ایک مشکل مرحلہ تھا لیکن پوری امید تھی کہ فٹ ہوکر دوبارہ پاکستان ٹیم کا حصہ بنوں گا۔

شاداب خان کو عین اس وقت ہیپاٹائیٹس کا انکشاف ہوا تھا جب ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں فٹنس ٹیسٹ کے دوران ان کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا۔

دوران علاج انکشاف ہوا تھا کہ انہوں نے دانت میں تکلیف کے بعد ایک عام دندان ساز سے علاج کرایا اور اس کے آلات کی وجہ سے ہیپاٹائیٹس سی میں مبتلا ہوئے۔

شاداب خان کے مکمل فٹ ہونے کی خبر جیو نے سب سے پہلے دی اور یہ خبر سینیئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے دی تھی۔

مزید خبریں :