ہریش کمپنی کیس: زرداری نیب میں پیش، تین کیسوں میں سوالنامہ دیدیا گیا



اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری ہریش اینڈ کمپنی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہوگئے جب کہ ذرائع کاکہناہے کہ نیب نے انہیں تین مختلف کیسوں میں سوالنامہ دیا ہے۔

نیب نے ہریش اینڈ کمپنی کے اکاؤنٹ سے نوڈیرو ہاؤس پر اخراجات کے الزام میں آصف زرداری کو طلب کیا تھا۔

سابق صدر سے نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو 3 مختلف کیسوں میں سوالنامہ دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری سے مجموعی طور پر جے وی ایل کیس میں 26 سوال پوچھے گئے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری کو ودود انجینئرنگ کیس میں 30 سوالوں کا سوالنامہ دیا گیا جب کہ زین ملک اور مشتاق کیس میں 20 سوال دیے گئے۔

آصف علی زرداری کو 26 مئی تک تمام سوالات کے جواب دینےکی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سے قبل نیب میں پیشی کے بعد سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کو کسی بھی قسم کا سوالنامہ دیے جانے کی تردید کی تھی۔

واضح رہے کہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر آصف زرداری نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت دی۔

نیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی طلب کیا تھا تاہم انہوں نے مصروفیات کے سبب 17 مئی کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پیش ہونے سے معذرت کرلی ۔ 

مزید خبریں :