Time 21 مئی ، 2019
صحت و سائنس

قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ادویات و سرجیکل آلات کی شدید کمی

قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں ادویات، آلات اور سرجیکل آلات کی شدید کمی، اسپتال کے اپنے ڈاکٹروں نے ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی قلت پر انتظامیہ کو تین تین بار خط لکھ ڈالے تاہم اسپتال انتظامیہ سب اچھا ہے کے مؤقف پرقائم ہے۔

اسپتال کے اپنے ڈاکٹروں نے ادویات سمیت بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی پر انتظامیہ کو تین تین بار تحریری طور پر مطلوبہ ادویات، انجیکشن، بیڈ شیٹس تک کی عدم فراہمی سے آگاہ کیا تاہم اسپتال انتظامیہ سب اچھا ہے کے مؤقف پر قائم ہے۔

قومی اداراہ برائے امراض قلب کے شعبہ پیڈیٹریک کارڈیولوجی کی ڈاکٹروں نے اس سلسلے میں اپنی صدر شعبہ کو آگاہ کردیا ہے۔ ان کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وارڈ میں ادویات، بیڈ شیٹس، انجیکشن موجود نہیں، غریب مریض اور ڈاکٹر مل کر اپنی مدد آپ کے تحت انتظامات کررہے ہیں۔

ڈاکٹروں کی جانب سے اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر سمیت اعلیٰ حکام کو پہلا خط 7 مئی ،دوسرا خط 13 مئی اور تیسرا خط 16 مئی کو بھیجا گیا۔

جیونیوز نے گزشتہ روز بھی اسپتال میں ادویات کی قلت کی خبر نشر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ قومی ادارہ برائے امراض قلب میں مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔ اسپتال میں ادویات اور طبی آلات نایاب ہوچکے ہیں فنڈز کی عدم فراہمی سے انتظامی امور بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں،عدم ادائیگیوں کی وجہ سے ٹھیکیداروں نے ادویات اور طبی آلات فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

مالی بحران کے باعث کراچی کے مرکزی اسپتال سمیت 8 سیٹلائیٹ سینٹرز پر ادویات اور طبی آلات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔ فنڈز نہ ملنے کی صورت میں اسپتال آنے والے مریضوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

اس تمام تر صورتحال پر اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر اسپتال میں ادویات سمیت دیگر بنیادی اشیاء کی عدم فراہمی کی نفی کرتے ہوئے کہتے ہیں اسپتال میں تمام معاملات معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

مزید خبریں :