کھیل

ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا ڈھانچہ منظوری کیلئے وزارت بین الصوبائی رابطہ بھیج دیا گیا

بین الصوبائی وزرات سے منظوری کے بعد نئے منصوبے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی— فوٹو:فائل 

لاہور: ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور نئے نظام کو منظوری کے لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ بھیج دیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق کرکٹ پورڈ نئے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے کو آئینی کور دینا چاہتا ہے اور پی سی بی کے آئین میں ترمیم کرکے ڈومیسٹک کرکٹ سے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کا صفایا کردیا جائے گا۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ سے منظوری کے بعد نئے منصوبے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جس کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جب کہ ڈومیسٹک، کلب اور شہروں کی کرکٹ کو بھی منظم کیا جائے گا۔

نئے نظام میں وہی کھلاڑی فرسٹ کلاس کھیل سکیں گے جو اعلیٰ کوالٹی کے ہوں گے، اگلے سیزن میں پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ خاص طور پر ون ڈے کرکٹ پر کم ہے، اس لیے بورڈ کی توجہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے نئے نظام پر ہوگی۔

ورلڈ کپ کے بعد پاکستان ٹیم نے 3 ایک روزہ میچز کھیلنے ہیں جب کہ 9 ٹی ٹوئنٹی میچ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہوں گے۔ 

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ شروع کررہا ہے، اس لیے پاکستان کو زیادہ توجہ ون ڈے کے بجائے ٹیسٹ کرکٹ پر دینی ہے، ورلڈ کپ کی کارکردگی پر ون ڈے ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہوگی بلکہ مرحلہ وار تبدیلی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر کے آخر میں سری لنکا کرکٹ ٹیم نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آنا ہے، ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے سری لنکا کی ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوں گے جب کہ اگلے سال پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ ہوں گے۔

مزید خبریں :