Time 03 جولائی ، 2019
پاکستان

مہلت ختم ہوتے ہی ایف بی آر نے چوہدری تنویر کی بے نامی جائیداد منجمد کردی

سینیٹر چوہدری تنویر کی یہ جائیداد راولپنڈی کے موضع راجڑ میں جو ان کے ملازمین کے نام پر تھی: ایف بی آر — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر کی 6 ہزار کنال بے نامی جائیداد منجمد کردی۔

اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ایف بی آر حرکت میں آگیا ہے اور اس حوالے سے کراچی، راولپنڈی و دیگر شہروں میں کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر چوہدری تنویرکی 6 ہزار کنال بے نامی جائیداد منجمد کردی ہے۔

یہ اراضی چوہدری تنویر کے ملازموں محمد بشارت، راجا عبدالشکور، شاہ جہاں بیگم، محمد معروف، اظہر علی اور عبدالعزیز کے نام پر رکھی گئی تھی۔ ان تمام ملازمین کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ کارروائی کی تکمیل پر حکومت یہ جائیداد ضبط کرسکتی ہے۔

کراچی میں بھی بےنامی جائیدادوں کےخلاف ایف بی آر نے کارروائی کرتے ہوئے کچھ جائیدادیں منجمد کردی ہیں، اب یہ جائیدادیں نہ فروخت کی جاسکتی ہیں اور نہ کسی کے نام منتقل ہوسکتی ہیں۔ 

چوہدری تنویر کی پراپرٹی منجمد کرنے کے احکامات ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس راولپنڈی نے جاری کیے اور کارروائی مکمل ہونے کے بعد حکومت یہ جائیداد ضبط کرسکتی ہے۔ 

دوسری جانب کراچی میں بھی ایف بی آر نے بےنامی جائیدادیں رکھنے والوں کو نوٹسز جاری کیے ہیں اور یہ نوٹسز ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس سید مشکور علی کی جانب سے جاری کیےگئے۔

یاد رہے کہ حکومت کی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی ڈیڈ لائن تین جولائی شام 5 بجے تک تھی جو کہ اب ختم ہوگئی ہے۔

اب ملک میں کوئی بے نامی نہیں رہے گا، فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اب ملک میں کوئی بے نامی دار نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ن لیگ کے سینیٹر چوہدری تنویر کی 6 ہزار کنال بے نامی اراضی واگزار کرالی،کل کراچی میں آصف زرداری کی بے نامی جائیدادوں کو منجمد کیا تھا۔ 

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ اس بار بھی ویسا ہی ہوگا جیسا پہلے ہوتا آیا ہے لیکن اب کارروائی کا وقت شروع ہوگیا۔

اثاثہ جات اسکیم سے ایک لاکھ دس ہزار افراد فائدہ اُٹھا چکے، شبر زیدی

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ اثاثہ جات اسکیم سے ایک لاکھ دس ہزار افراد فائدہ اُٹھا چکے، مزید 25 ہزار پائپ لائن میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم سے فائدہ اُٹھانے والوں کی تعداد ایک لاکھ پینتیس ہزار سے زیادہ ہو جائے گی۔

دوسری طرف ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اثاثہ جات اسکیم سے 70 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہو چکا ہے، پچھلے سال اسکیم سے 84  ہزار افراد نے استفادہ کیا تھا۔ گزشتہ سال اسی اسکیم کے تحت 124 ارب 50 کروڑ روپے کا ریونیو جمع ہوا تھا۔ 

مزید خبریں :