کھیل
Time 05 جولائی ، 2019

پاکستان ورلڈکپ سے باہر، نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا


لارڈز: پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جبکہ نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ کی بدولت میچ ختم ہونے قبل ہی سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

یہ مسلسل دوسرا ورلڈکپ ہے جب پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے۔

پاکستان کیلئے ورلڈکپ 2019 میں اگر مگر کا کھیل ختم ہوگیا اور گرین شرٹس ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے، فینز کی امیدیں دم توڑ گئیں، بنگلا دیش کے خلاف آخری لیگ میچ میں پاکستان نے ٹاس تو جیت لیا لیکن اسکور بورڈ پر بڑا  نہیں بہت بڑا اسکور سجانے میںٕ ناکام رہے۔

اوپنر فخر زمان 13 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار، 96 رن بنا کر آوٹ ہوئے، امام الحق سنچری کرکے ہٹ وکٹ ہوگئے، محمد حفیظ پھر سیٹ ہو کر اسپنر کا شکار ہوگئے۔

لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 316 رنز کا ہدف دیا اور سیمی فائنل میں رسائی کیلئے بنگلادیش کو 7 رنز تک محدود کرنا تھا جس میں گرین شرٹس ناکام رہے۔ 

بنگلادیش کے 8 رنز بناتے ہی پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا اور یوں نیوزی لینڈ نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے ورلڈ کپ 2019 کے 43 ویں میچ میں بنگلا دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی تاہم یہ فتح اب گرین شرٹس کے کسی کام کی نہیں رہی۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 6 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے میچ کی مکمل رپورٹ یہاں پڑھیں

گرین شرٹس کو اس مشکل صورتحال کا سامنا کم رن ریٹ کی وجہ سے کرنا پڑا، پاکستان کا رن ریٹ منفی صفر میں ہے جب کہ کیویز کا رن ریٹ صفر اعشاریہ 175 ہے۔

پاکستان گروپ میچز اچھے مارجن سے جیت جاتا تو اس کا رن ریٹ بہتر ہوسکتا تھا تاہم پاکستان نے افغانستان جیسی کمزور ٹیم کیخلاف بھی بمشکل ہی میچ جیتا تھا۔

پاکستان کے باہر ہونے کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹائٹل کی جنگ ہوگی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل 9 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو ایجبیسٹن میں کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔

مزید خبریں :