05 جولائی ، 2019
لندن: پاکستان نے شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے باعث ورلڈ کپ 2019 کے 43 ویں میچ میں بنگلا دیش کو 94 رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا اچھے نوٹ کے ساتھ اختتام کیا۔
پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے دفاعی حکمت عملی کے انداز میں اننگز کا آغاز کیا جس کے دوران فخر زمان دو مرتبہ رن آؤٹ ہونے سے محفوظ رہے۔
23 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 31 گیندوں پر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر امام الحق اور بابر اعظم نے 157 رنز کی شراکت قائم کی۔
بابر اعظم نے 11 چوکوں کی مدد سے 98 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔
امام الحق نے بھی اچھی اننگز کھیلی اور وہ سنچری اسکور کرنے کے فوراً بعد ہی ہٹ وکٹ ہو گئے۔
محمد حفیظ ایک بار پھر اسپنر کو غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
عماد وسیم نے 26 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان سرفراز احمد 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز اسکور کیے۔ بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد سیف الدین کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔
پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور سومیہ سرکار نے کیا جو اچھا نہ رہا اور سومیہ سرکار 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
تمیم اقبال بھی 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے جو 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لٹن داس بھی 32 رنز پر ہمت ہار گئے۔
ایک طرف بنگلا دیش کی وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب شکیب الحسن نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز اسکور کیے۔ محموداللہ نے 29 اور مصدق حسین نے 16 رنز کی اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاہین آفریدی کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔