11 جولائی ، 2019
کراچی: ٹی وی اینکر مرید عباس کے قتل کا کیس اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ تک جا پہنچا۔
ایس ایس پی طارق دھاریجو کے مطابق ملزم عاطف زمان چند سال پہلے تک ایک ٹائر کمپنی میں ملازم تھا جو اب ٹائروں کی اسمگلنگ کے دھندے سمیت منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے جس کے شواہد بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اینکر پرسنز سمیت 80 سےزائد افراد نے ملزم عاطف کے پاس تقریباً ایک ارب روپے کی انویسٹمنٹ کی جس میں مرید عباس کی 7 کروڑ کی سرمایہ کاری ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے 42 افراد سمیت مرید عباس کے دوستوں نے بھی منافع پر پیسہ دے رکھا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے دُہرے قتل کی واردات کا تیسرا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مقدمہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعہ کے تحت ملزم عاطف کے خلاف درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عاطف زمان نے اپنے بھائی کے پستول کا استعمال کیا اور کسی دوسرے شخص کا اسلحہ ساتھ رکھنا غیر قانونی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ مرید عباس کیس میں اب تک تین مقدمات درج ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ڈیفنس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات نامی شخص کو بزنس پارٹنر نے قتل کیا تھا جس کے بعد قاتل نے خود کو بھی گولی مارکر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔