11 جولائی ، 2019
وزیراعظم عمران خان چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے لیے پُرامید ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر دفاع پرویز خٹک، سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کیلئے پُر اعتماد ہیں اور انہوں نے صادق سنجرانی کو ڈٹ جانے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے وزیراعظم کا صادق سجنرانی کو کہنا تھا کہ آپ ہاؤس کو شاندار انداز میں چلارہے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا صادق سنجرانی سے کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کو ہم سب مل کر ناکام بنائیں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے بھی اپوزیشن کی تحریک سے متعلق وزیراعظم سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران اعظم سواتی اور قائد ایوان شبلی فراز نے وزیر اعظم کو نمبر گیم کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے بتائیں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کوششیں کون سی جہمہوری اقدار ہیں، مفاد پرست لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں متحدہ اپوزیشن جماعتیں چییرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا چکی ہیں اور اپوزیشن جماعتوں نے حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا متفقہ امیدوار نامزد کر دیا ہے۔