پاکستان
Time 21 جولائی ، 2019

دورہ امریکا: وزیراعظم عمران خان سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کی ملاقاتیں


واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان سے امریکی دورے کے پہلے روز تاجروں اور سرمایہ کاروں نے ملاقاتیں کیں۔ 

وزیراعظم عمران خان اِن دنوں 3 روزہ دورے پر امریکا میں موجود ہیں جہاں ان سے دورے کے پہلے روز پاکستانی سفارتخانے میں تاجروں، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملاقاتیں کی۔

وزیراعظم عمران خان اراکین کانگریس اور سینیٹ سے خطاب کریں گے: طاہر جاوید

— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید نے ملاقات کی جس میں 23 جولائی کو عمران خان کے کانگریس اور سینیٹ اراکین سے خطاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

طاہر جاوید کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستانی وزیراعظم اراکین کانگریس اور سینیٹ سے خطاب کریں گے جس میں 50 سے زائد کانگریس اراکین اور 7 سے زائد سینیٹرز نے اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاکس کی شریک چیئرپرسن شیلا جیکسن خطاب سے متعلق امور میں کردار ادا کررہی ہیں۔

وزیر اعظم سے ضیاء چشتی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات 

— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان سے چیف ایگزیگٹو ایفینیٹی ضیاء چشتی، ریسورس گروپ کے محمد خائیشگی اور چیف انویسٹمنٹ آفیسر ریسورس گروپ حسنین اسلام نے  پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ 

ملاقات میں سرمایہ داروں نے پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم سے بزنس مین جاوید انور کی سربراہی میں وفد کی ملاقات 

— فوٹو: پی آئی ڈی

پاکستانی امریکی بزنس مین جاوید انور نے تاجروں کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کی تعریف کی۔

اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاروں نے سیاحت اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

پاکستانی نژاد سرمایہ کار شحال خان بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل  

— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان سے پاکستانی نژاد سرمایہ کار شحال خان کی ملاقات کی جس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے امور پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی، وزیربحری امورعلی حیدرزیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور مشیر مالیات عبدالحفیظ شیخ بھی موجود تھے۔

تعلیم، مینوفیکچرنگ اور اسٹیل صنعت میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان سے سرمایہ کاروں کے ایک اور وفد نے بھی ملاقات جس میں ناصر جاوید، اشرف قاضی اور شوکت دھانانی شامل تھے۔

اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاروں نے تعلیم، مینوفیکچرنگ اور اسٹیل صنعت میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی تعریف کی گئی۔ 

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے پالیسی فریم ورک اور بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو اجاگر کیا اور تجارت کو آسان بنانے اور صنعتی شعبے کے فروغ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

وزیر اعظم سے خوراک اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کےگروپ کی ملاقات

وزیراعظم سے خوراک اور صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنت والے سرمایہ کاروں میں اسلم خان، مبشر چوہدری، ڈاکٹر باسط جاوید اور عابد شیخ نے ملاقات کی۔ 

ملاقات میں سرمایہ کاروں نے پاکستان میں خوراک اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ 

اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاروں نے پاکستان میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے تجاویز دیں اور وزیراعظم عمران خان نے صحت کے شعبہ کی بہتری کےلیے تجاویز کو سراہا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول سے آگاہ کیا اور  پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم  نے اس سسلے میں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔ 

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جولائی تک امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ کل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ 

مزید خبریں :