25 جولائی ، 2019
امریکا کے سابق خصوصی وکیل رابرٹ ملر نے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت اور ٹرمپ کی انتخابی مہم سے متعلق اپنی رپورٹ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بری الذمہ قرار دینے کی تردید کر دی۔
صدارتی انتخابات میں روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالتی کمیٹی میں رابرٹ ملر کا بیان وائٹ ہاؤس کی جیت اور اُن کے ڈیمو کریٹک مخالفین کی شکست ہے، اور یہ کہ رابرٹ ملر کے پاس کسی کو بَری کرنے کا کوئی حق ہی نہیں تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سابق خصوصی وکیل رابرٹ ملر نے امریکی ایوان نمائندگان کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی رپورٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بری الذمہ قرار نہیں دیا بلکہ وہ تو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی مداخلت کے پیچھے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہاتھ تھا۔
رابرٹ ملر نے امریکی کانگریس کی عدالتی کمیٹی کو بتایا کہ صدارتی عہدہ چھوڑنے کے بعد ٹرمپ کے خلاف مقدمہ دائر ہو سکتا ہے۔