مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام خطے کی سلامتی کو تباہ کردے گا: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کا بھارتی اعلان سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ملائشین ہم منصب مہاتیر محمد اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کرکے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ تبدیلیوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیلی کا بھارتی اعلان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت کا یہ غیر قانونی اقدام خطے کے امن و سلامتی کو تباہ کردے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام ایٹمی صلاحیت کے حامل ہمسائیوں کے درمیان تعلقات مزید خراب کرے گا۔

اس موقع پر مہاتیر محمد نے کہا کہ ملائشیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے اور اس صورتحال سے باخبر رہے گا۔

ترک صدر طیب اردوان کا مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ 

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی تبدیلی کے لیے بھارت نے غیرقانونی اقدامات کیے ہیں اور ان اقدامات کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

ترک صدر طیب اردوان نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ترک صدر نے یقین دہانی کرائی کہ ترکی کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید خبریں :