فواد چوہدری کی بھارتی فوجیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ڈیوٹی سے انکار کی اپیل

کیا کسی کو ظلم سے روکنا مداخلت ہے؟ امن مزاحمت کے بغیر ممکن نہیں: بھارتی ٹوئٹر صارف کے الزام پر وفاقی وزیر کا جواب — فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارت کے پنجابی فوجیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ڈیوٹی سے انکار کی اپیل کردی۔

وفاقی وزیر نے پنجابی زبان میں ٹوئٹ کرکے اپیل کی کہ پنجابی فوجی مقبوضہ کشمیر میں ڈیوٹی سے انکار کردیں اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ناانصافی اور ظلم کا حصہ نہ بنیں۔


ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے فواد چوہدری کی ٹوئٹ کو بھارت کی سیکیورٹی معاملات میں مداخلت قرار دیا تو وفاقی وزیر نے اس کے جواب میں کہا کہ کیا کسی کو ظلم سے روکنا مداخلت ہے؟ امن مزاحمت کے بغیر ممکن نہیں ہے اور انصاف پسند بھارتی شہری مودی کے فاشزم کو مسترد کردیں۔ 


وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی انہوں نے بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ 

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ جب کوئی فیصلہ منظور نہیں ہوتا تو بھارت کا سفیر یہاں کیا کررہا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سفیر ایک اچھے انسان ہیں لیکن وہ یہاں ایک فاشسٹ حکومت کی نمائندگی کررہے ہیں، جب یہاں سفارت کاری ہونی نہیں ہے تو ایک دوسرے کے سفیر پر صرف خرچ کررہے ہیں، ہمیں بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے چاہئیں۔

مزید خبریں :