دنیا
Time 01 ستمبر ، 2019

قندوز کے بعد افغان طالبان کی ایک اورشہر پل خمری پر چڑھائی

پل خمری میں حملوں کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے ہیں جبکہ شہر کے اطراف میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے — فوٹو: فائل 

افغان طالبان نے شمالی افغانستان کے شہر قندوز کے بعد صوبہ بغلان کے شہر پل خمری پر چڑھائی کردی۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق طالبان نے افغانستان کے شمالی صوبے بغلان کے صدر مقام پل خمری پر حملہ کیا جس کے بعد سے افغان سیکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں میں جھڑپیں جاری ہیں۔

پل خمری میں حملوں کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے ہیں جبکہ افغان حکام نے طالبان کا حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

صوبائی کونسل کے چیف صفدر محسنی نے پل خمری کے مضافات میں طالبان سے جھڑپوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں جس کے باعث شہری پریشان اور خوفزدہ ہیں، پل خمری شہر مکمل طور پر بند ہے۔

خیال رہے کہ پل خمری شہر کی آبادی 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل ہے جو کہ افغان دارالحکومت کابل سے 230 کلومیٹر دور ہے۔

دوسری جانب قندوز پر طالبان حملے میں 25 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہلاک افراد میں 20 افغان سیکیورٹی اہلکار اور 5 شہری شامل ہیں۔ افغان حکام نے قندوز حملے میں 56 طالبان بھی مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یاد رہے کہ افغان طالبان کی جانب سے افغانستان کے شہروں پر حملے ایسے وقت میں ہورہے ہیں جب امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے والے ہیں اور حتمی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ 


مزید خبریں :