پاکستان
Time 06 ستمبر ، 2019

وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کا ایل او سی کا دورہ، جوانوں سے ملاقات



راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے والوں میں وزیراعظم اور آرمی چیف کے علاوہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویزخٹک اور چیئرمین کشمیر کمیٹی بھی شامل تھے۔

فوٹو: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ وزیراعظم اور آرمی نے چیف ایل او سی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق وزیراعظم کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے افراد سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایل او سی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی جبکہ انہوں نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور بھارت کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا مؤثر جواب دینے پر پاک فوج کو سراہا۔

فوٹو: آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج کے مطابق وزیراعظم نے ایل او سی پر شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلوں کو سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے نہتے شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا اور  مقبوضہ کشمیر میں طویل محاصرہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حق خود ارادیت دلانے کیلئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ فی الحال فاشسٹ بھارتی حکومت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر ہے جبکہ ہماری افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

فوٹو: آئی ایس پی آر

یاد رہے کہ ملک بھر میں آج یوم دفاع پاکستان منایا گیا اور اس حوالے سے پورے ملک میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ 

شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی جس سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کیا۔

مزید خبریں :