11 ستمبر ، 2019
سری لنکا کے وزیر کھیل نے فواد چوہدری کا سری لنکن کھلاڑیوں کو بھارت کی جانب سے دھمکانے کا دعویٰ مسترد کردیا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کہا کہ سری لنکن کھلاڑیوں کو بھارت کی جانب سے پاکستان میں کھیلنے پر دھمکانے کی خبریں غلط ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ کھلاڑیوں نے صرف 2009 کے حملے کی بناء پر پاکستان میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا جس پر ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے، ہم نے پاکستان جانے پر رضامند کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے۔
سری لنکن وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مکمل ٹیم ہے اور ہم پاکستان کو پاکستان میں ہرانے کے لیے پرامید ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 27 ستمبر سے 9 اکتوبر کے درمیان پاکستان میں تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی 20 میچز کھیلیں گی۔ سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی جہاں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں سری لنکن ٹیم لاہور پہنچے گی جہاں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔
سری لنکا کے 10 کھلاڑیوں نے سیکیورٹی کو بنیاد بناکر پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کیا ہے جس پر گزشتہ روز وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ انہیں کچھ کرکٹرز نے بتایا کہ بھارت سری لنکن کھلاڑیوں کو دھمکیاں دے رہا ہےکہ وہ پاکستان جاکر کھیلنے کی صورت میں خود کو آئی پی ایل سے باہر سمجھیں۔