13 ستمبر ، 2019
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایوارڈ سے نوازنے کے اعلان پر امریکی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
عرب ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھارت میں حفظان صحت کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے پر ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم کو یہ ایوارڈ ان کے 'صاف بھارت مشن' پروگرام کی بناء پر دے رہا ہے جس کے تحت بھارت بھر میں لاکھوں ٹوائلٹس بنائے گئے۔
تاہم فاؤنڈیشن کے اس فیصلے پر سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے جنوبی ایشیا و امریکی دانشوروں، وکلاء اور سماجی کارکنوں کی جانب سے ایک پٹیشن فائل کی گئی ہے جس میں گیٹس فاؤنڈیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے کیوں کہ جس شخص کو وہ ایوارڈ دینا چاہتے ہیں اس کے دور حکومت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ 'ایک ایسے شخص کو انسانیت کا ایوارڈ دینا سمجھ سے بالاتر ہے جسے گجرات کے قصاب کے نام سے جانا جاتا ہے'۔
اس پٹیشن پر تقریباً ایک لاکھ افراد اب تک دستخط کرچکے ہیں، پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ مودی کو ایوارڈ دینے کا اس سے بدتر وقت نہیں ہوسکتا کیوں کہ ایک جانب بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے تو دوسری طرف ریاست آسام میں تقریباً 20 لاکھ لوگوں کو شہریت سے محروم کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے گیٹس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وہ نریندر مودی کو ایوارڈ سے نوازنے کے فیصلے پر قائم ہے کیوں کہ یہ اس کے اقوام متحدہ کے مستحکم ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کے مہم کا حصہ ہے۔
فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ صفائی لوگوں خاص طور پر خواتین اور بچوں کی صحت بہتر بنانے کیلئے سب سے اہم عنصر ہے، صاف بھارت مشن سے قبل بھارت میں 50 کروڑ لوگوں کو صفائی کی بہتر سہولتیں میسر نہیں تھیں لیکن اب اکثریت کو یہ سہولت حاصل ہے۔
فاؤنڈیشن کے اس بیان پر بھی ناقدین نے تنقید کی اور کہا کہ صفائی ستھرائی اور حفظان صحت سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تلافی نہیں کی جاسکتی۔
ناقدین نے کہا کہ اگر فاؤنڈیشن واقعی بھارت میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ دائیں بازو کے قوم پرست کے بجائے کمیونٹی ورکرز کو ایوارڈ دے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی مودی کو سول ایوارڈز سے نوازا تھا جس پر خاصی تنقید کی گئی تھی۔