16 ستمبر ، 2019
پاکستان نے دہشتگردی میں ملوث بھارت کے مزید 2 جاسوسوں کا سراغ لگا لیا ہے۔
ذرائع وزارت داخلہ کا بتانا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جاسوسوں کی شناختی تفصیلات ایران اور افغانستان کو بھیج دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی جاسوس سوامی آسیم آنند اور گوبند پارٹ ایران سے بلوچستان آئے اور مستونگ میں دہشتگردی کرائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس 13 جولائی کو مستونگ میں دہشتگردی کے حملے میں ملوث ہیں، بھارتی جاسوس دہشتگردی کی واردات کے بعد افغانستان فرار ہو گئے۔
پاکستان نے بھارتی جاسوسوں کی شناخت کے لیے افغانستان اور ایران کو خطوط لکھ دیے ہیں۔
چند روز قبل بھی پاکستان نے طورخم سرحد سے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے افغان باشندے کو گرفتار کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 2016 میں بلوچستان سے بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن جادھو کو حراست میں لیا تھا جو پاکستان میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف بھی کر چکا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں بھی چل رہا ہے۔