قلندرز ٹی ٹین کرکٹ لیگ کا حصہ بن گئی، شاہد آفریدی آئیکون پلیئر ہوں گے

ٹی10 انٹرٹیننگ کرکٹ ہے اورشاہد آفریدی سے بڑا کوئی انٹر ٹیننگ پلیئر نہیں، رانا فواد— فوٹو: اسکرین گریب

لاہور قلندرز کو دنیا کی مختصر ترین کرکٹ لیگ ٹی 10 میں متعارف کروادیا گیا اور آئندہ سیزن میں شاہد آفریدی ٹیم کے آئیکون پلیئر ہوں گے۔

لاہور قلندرز کے چیئرمین رانا فواد، چیف آپریٹنگ آفیسر رانا ثمین اور چیف ایگزیکٹو رانا عاطف نے ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکریٹری عارف العوانی اور سی ای او میتھیو باؤچر اور ٹی 10 کی سی ای او شیجی الملک نے پریس کانفرنس میں ٹورنامنٹ کی تفصیلات کا اعلان کیا۔

ٹورنامنٹ 14 نومبر سے شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے جس کا افتتاحی میچ 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ عارف العوانی نے کہا کہ ٹورنامنٹ ہر سال ابوظہبی میں ہوگا اور ہمارا معاہدہ 2023 تک ہے۔

اس موقع پر ٹیم قلندر کے چیئرمین رانا فواد کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ ٹیلنٹ کی تلاش میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور ہم ہمیشہ کھیل اور کھلاڑی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے خواہش مند رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان سپر لیگ سے مختلف فارمیٹ پے، بہترین ٹیم بنانے کیلئے مل کر فیصلہ کریں گے، کئی غیر معروف کرکٹرز کو دنیا کے سامنے متعارف کرایا ہے، ٹی 10 فارمیٹ اولمپکس میں بھی متعارف ہوسکتا ہے۔

چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے ماضی کے منصوبوں کی طرح ایک اور بڑا قدم ہوگا، ہم ہمیشہ کھیل اور کھلاڑی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے خواہش مند رہے ہیں اور اس مثبت سوچ نے ہمارے لیے آگے بڑھنے کے راستوں کو مزید ہموار کیا ہے۔

اس دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹین مکمل انٹرٹینمنٹ ہے، وینیو تبدیل ہوا ہے، امید ہے یہاں بھی ایکشن بھرپور رہے گا، قلندرز کی فیملی کا حصہ بن کر خوشی محسوس کررہا ہوں۔

بوم بوم آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ قلندرز بہت اچھی کوشش کرتے ہیں،ٹیلنٹ نکالنے کی کوشش سارا سال کرتے ہیں۔ چاہتا ہوں ٹیم قلندرز میں نئے لڑکےآئیں اورسینیرزبھی شامل ہوں۔

10 روزہ ٹورنامنٹ میں 29 میچ ہوں گے، گزشتہ دو سال شارجہ میں اس لیگ میں دنیا کے صف اول کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔

مزید خبریں :