دنیا
Time 28 ستمبر ، 2019

ٹوئٹر پر IndiaHijackedTwitter# کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟

ٹوئٹر انتظامیہ کو بھارتی مظالم کے خلاف آواز کو دبانے کی کوششوں پر شدید تنقید کا سامنا ہے ،فوٹو: فائل

ٹوئٹر نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور بھارت کی ظلم و بربریت پر آواز اٹھانے پر سیکڑوں پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹ معطل کردیے۔

وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز اقوام متحدہ کی 74 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا جس پر دنیا بھر میں انہیں سراہا جارہا ہے۔

وزیراعظم کے تاریخی خطاب کے حوالے سے ٹوئٹر تعریفی پیغامات سے بھر گیا جب کہ ’عمران خان وائس آف کشمیر‘ عالمی پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تاہم کئی پاکستانی صارفین نے یہ شکایت کی کہ ٹوئٹر نے کشمیر کے حق میں آواز بلند کرنے پر ان کے اکاؤنٹ معطل کر دیئے یا ان کو محدود کر دیا گیا ہے۔

اکاؤنٹ معطل کیے جانے کے بعد پاکستانی صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے اور ٹوئٹر پر انڈیا ہائی جیکڈ ٹوئٹر (IndiaHijackedTwitter#) ٹرینڈ کر رہا ہے۔

متعدد صارفین نے ٹوئٹر کے شریک بانی اور سی ای او جیک ڈورسی کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بعد ٹوئٹر انتظامیہ کو صارفین کے اکاؤنٹ بند کرنے کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا ہے اور کئی صارفین کی جانب سے ان کا اکاؤنٹ کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

بعض حلقوں کا خیال ہے کہ ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس میں اہم عہدوں پر کام کرنے والے بھارتی شہری پاکستانی اور کشمیری صارفین کی آواز دبانے میں ملوث ہیں۔

ارزم مقبول نامی ایک صارف کا کہنا ہے کہ "میں روبوٹ نہیں بغیر کسی وجہ کےاکاؤنٹ معطل کرنے اور بھارت کو سپورٹ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے"

زہرہ نامی صارف کا کہنا ہے کہ"بغیر کسی وجہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنا شرمناک ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی اس کے ذمہ دار ہیں، اگر آپ روبوٹ اور انسانوں میں فرق نہیں کر سکتے تو آپ کو اپنے سسٹم میں بہتری لانی چاہیے"۔

مہر جرال نامی صارف نے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کئے جانے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیا ٹوئٹر کو شیطانی قوتیں چلا رہی ہیں؟

سیفی راجہ نامی ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ اظہار رائے کی آزادی کہاں ہے؟

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والے سینکڑوں پاکستانیوں کے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹ معطل کردیے گئے تھے ۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا ایک ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے فیس بک اور ٹوئٹر کے سامنے کشمیر کی حمایت پر پاکستانی اکاؤنٹس کی معطلی کا معاملہ اٹھایا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے بقول" اس کی وجہ علاقائی ہیڈکوارٹرز میں  موجود بھارتی ملازمین ہیں"۔

میجر جنرل آصف غفور نے پاکستانی شہریوں سے مطالبہ بھی کیا کہ وہ اپنے ایسے اکاؤنٹس کی تفصیلات انھیں بتائیں جو فیس بک یا ٹوئٹر نے معطل کیے۔

"کشمیر کی موجودہ صورتحال "

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور مقبوضہ وادی گزشتہ 55 روز سے مکمل لاک ڈاؤن ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں سخت کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضرورت کی قلت  ہے، اس کے ساتھ ساتھ غاصب فوج نے ان اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے والے کشمیری مظاہرین پر بھی تشدد کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

"وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کیا کہا"

وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی 11 قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، مقبوضہ وادی میں اضافی فوجی نفری تعینات کی اور کرفیو لگاکر 80 لاکھ لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا۔ 

ان کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افرادکو جانوروں کی طرح بند کیا ہوا ہے، یہ نہیں سوچا گیا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا، دنیا نے حالات جان کر بھی کچھ نہیں کیا کیونکہ بھارت ایک ارب سے زیادہ کی منڈی ہے، مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے پر خونریزی ہوگی، دنیا نے سوچا کہ مقبوضہ کشمیر میں خونریزی کا کشمیریوں پر کیا اثر ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں لاکھوں کشمیری آزادی کی تحریک میں جان دے چکےہیں، مقبوضہ وادی میں 11ہزار خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایاگیا،بھارتی حکومت نے 13 ہزار کشمیری نوجوانوں کو مختلف جیلوں میں قید کررکھاہے۔

عمران خان نے دنیا کو ایک ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے مداخلت نہیں کی تو دو جوہری ملک آمنے سامنے ہوں گے، اس صورتحال میں اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اگر پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوتی ہے تو کچھ بھی ہوسکتاہے، یہ وقت اقوام متحدہ کی آزمائش کا ہے،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوایا جائے۔

مزید خبریں :