29 ستمبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کوئی ہو نا ہو پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے کے بعد استقبال کے لیے آنے والے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ سب سے پہلے قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جس طرح انہوں نے دعائیں تاکہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کا کیس مشکل وقت میں اقوام متحدہ میں لڑ سکیں۔
عمران خان کا کہنا تھا خاص طور پر بشریٰ بی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے میرے لیے بہت دعائیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک جہاد ہے اور ہم کشمیریوں کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کہ ہم اللہ کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہو نا ہو لیکن پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ مودی کی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو بے نقاب کروں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو کرفیو میں بند کر رکھا ہے، جدوجہد میں اونچ نیچ ہوتی ہے، اچھا وقت بھی آتا ہے اور برا بھی لیکن برے وقت میں مایوس نہیں ہونا کیونکہ کشمیری مائیں، بہنیں اور بزرگ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیری اپنی جدوجہد جیتیں گے اور کامیاب ہوں گے۔
وزیراعظم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
وزیراعظم گزشتہ روز نیو یارک سے براستہ جدہ وطن واپسی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ انہوں نے جدہ ائیرپورٹ پر کچھ دیر قیام کیا اور وہ سہ پہر اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے جہاں ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔
ان کا استقبال کرنے والوں میں وفاقی کابینہ کے ارکان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے گورنرز، دیگر پارٹی رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔
وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کو پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ علامہ طاہر اشرفی نے گاؤن بھی پہنایا۔
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو خبردار بھی کیا کہ اگر دو جوہری ممالک کے درمیان جنگ ہوئی تو پھر اس کے اثرات دنیا بھر تک پھیلیں گے۔