Time 03 اکتوبر ، 2019
پاکستان

مُلا عبدالغنی برادر کی قیادت میں افغان طالبان کے وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات

پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان افغان امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا، وزیراعظم عمران خان— فوٹو: فائل

ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں افغان طالبان کے وفد نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق دوحا میں قائم افغان طالبان کے سیاسی کمیشن کے وفد نے ملا برادر کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں افغان امن عمل، امریکا-طالبان مذاکرات کی بحالی اور خطے میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان افغان امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔

افغان وفد نے افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ افغان طالبان کا 12 رکنی وفد ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر موجود ہے جہاں انہوں نے وزارت خارجہ میں پاکستانی حکام سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مسئلے کے جلد پرُ امن حل کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کرنے کا وقت ہے اور افغانستان میں مستقل امن کیلئے پاکستان تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھےگا۔

مذاکرات کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی پر تیار ہیں، امریکا مذاکرات میں واپس آئے تو اُسے خوش آمدید کہیں گے۔

ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو چکا، اور اُس معاہدے پر آج بھی قائم ہیں۔

مزید خبریں :