کراچی: طالبہ مصباح کو کچرا چننے والے افغانیوں نے قتل کیا، پولیس کا انکشاف


کراچی: گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کے دوران قتل کی جانے والی میڈیکل کی طالبہ کے قاتلوں سے متعلق پولیس نے اہم انکشاف کیا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن عرفان زمان کی سربراہی میں ٹیم نے ملزمان کو گرفتار کیا۔

پولیس کےمطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران میڈیکل کی طالبہ مصباح کو کچرا چننے والے افغانی نوجوانوں نے قتل کیا، ایک ملزم کو گرفتار کرکے لڑکی کے والد سے چھینا گیا موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمد نبی افغانی اسٹریٹ کرمنل ہے جس کا ساتھی قاری بشیر افغانی تاحال فرار ہے، ملزمان نے گزشتہ ہفتے گلشن اقبال میں موچی موڑ پر اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران فائرنگ کرکے طالبہ مصباح کو قتل کردیا تھا۔

گرفتار ملزم کے مطابق وہ ایک سال پہلے تک اس علاقے میں کچرا چنتا تھا جس کے بعد ملزم گاڑیوں کی بیٹریاں چوری کرنے لگا، پانچ ماہ قبل ملزم نے اپنے ساتھیوں فضل، نعمت اور قاری بشیر کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں شروع ہوئی، ملزمان کا یہ گروہ گلشن اقبال، گلستان جوہر، مبینہ ٹاؤن، شارع فیصل، بہادرآباد، عزیزبھٹی، سچل سائٹ اور سپر ہائی وے کے علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرچکا ہے۔ 

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے وہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے جس میں انہوں نے واردات کی تھی اور وہ موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے جو واردات کے وقت مقتولہ کے والد سے چھینا گیا تھا، پولیس مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔


مزید خبریں :