پاکستان
Time 09 اکتوبر ، 2019

کراچی میں 111 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار

ملزم عباسی شہید اسپتال میں سرکاری ملازم تھا، اس کا نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوگیا ہے، ایس ایس پی ایسٹ—فوٹو : فائل

کراچی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 111 افراد کے قتل میں ملوث متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا ۔

کراچی میں سینیئر سپرنٹنڈٹ آف پولیس (ایس ایس پی )ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کیا ہے جو 111 افراد کے قتل میں ملوث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم عباسی شہید اسپتال میں سرکاری ملازم تھا، اس کا نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوگیا ہے جس میں بہت سے ملزمان شامل ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار ے جارہے ہیں۔

غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ ملزم سانحہ 12 مئی میں بھی ملوث ہے اور کچھ عرصہ قبل اس نے اپنا حلیہ تبدیل کرلیا اور تبلیغ پر چلا گیا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ کا مزید کہنا تھا کہ ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والی طالبہ مصباح کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، اس واقعے میں کچرا چننے والے افغانی جرائم پیشہ ملوث ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے اپنے ساتھی بشیر افغانی کے ساتھ واردات کی تھی، واردات کے دوران طالبہ سے چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے اور مفرور ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :