پاکستان

مرید عباس قتل کیس: عاطف زمان نے کس کی پستول سے فائرنگ کی؟

عاطف زمان مالی اسکینڈل میں ملوث ہے: نیب۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) کے مطابق اینکر مرید عباس کے قتل کے ملوث ملزم عاطف زمان ٹائروں کے کاروبار کے ذریعے فراڈ کرتا رہا۔

ڈی جی نیب فاروق اعوان کی زیر صدرات نیب سندھ کا اجلاس ہوا جس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل کی تحقیقات کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئیں۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عاطف زمان مالی اسکینڈل میں ملوث ہے اور اس نے کئی لوگوں سے سرمایہ کاری کے نام پر رقم لی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عاطف زمان لوگوں کو ماہانہ منافع دینے کے نام پر بیوقوف بناتا رہا اور ٹائروں کے کاروبار کے ذریعے فراڈ کرتا رہا۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ کیس میں نیب کی جانب سے اشتہار بھی دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عاطف زمان کے کاروبار میں متاثرہ افراد کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے اور 30 متاثرہ افراد نے نیب کراچی سے رجوع کیا ہے۔

ملزم عادل زمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

دوسری جانب اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ساوتھ کی عدالت میں ہوئی۔

ملزم عادل زمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے روبرو پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم عادل زمان کے پستول سے عاطف زمان نے فائرنگ کی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر ملزمان موٹرسائیکل پر آئے تھے جو برآمد کروانی ہے لہذا ملزم کا 14 روزہ ریمانڈ دیا جائے۔

جج نے استفسار کیا کہ اسلحے کا لائسنس کہاں ہے، جس پر عادل زمان نے کہا مجھے نہیں معلوم میں نے پستول اور لائسنس گاڑی میں رکھا تھا۔

عدالت نے ملزم عادل زمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

مزید خبریں :