کھیل
Time 11 اکتوبر ، 2019

اولمپک کوالیفائر کیلئے پاکستان کی 19 رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان

نیدرلینڈ زسے اہم مقابلے کیلئے اسکواڈ میں 7 نئے کھلاڑی بھی منتخب کیے گئے ہیں— فوٹو: فائل

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے زیر اہتمام اولمپک کوالیفائر کیلئے پاکستان کی 19 رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ، رضوان سینئر قیادت کریں گے۔

 نیدرلینڈ زسے اہم مقابلے کیلئے اسکواڈ میں 7 نئے کھلاڑی بھی منتخب کیے گئے ہیں ، 26 اور 27 اکتوبر کو اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل قومی ٹیم جرمنی کے خلاف بھی دو میچز کھیلے گی۔

پاکستان ہاکی کیلئے ٹوکیو اولمپکس تک رسائی کا آخری چانس ہے۔ گرین شرٹس کو اولمپک کوالیفائر میں نیدر لینڈز سے مقابلہ کرنا ہے ، دو میچز کیلئے چیف سلیکٹر منظور جونئیر نے 19رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ۔

اہم ایونٹ کیلئے سات نئے کھلاڑیوں کو بھی منتخب کیا گیا ہے ، رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کریں گے ۔

اسکواڈ میں گول کیپر امجد علی اور وقار شامل ہیں جبکہ فل بیک عماد بٹ ، رضوان علی اورمبشرعلی ، ہاف بیک معین شکیل ، تصور عباس ، راشد محمود ، ابوبکر ، اظفر یعقوب اور فارورڈ میں اعجاز احمد ، عمر بھٹہ ، رانا سہیل ، رضوان سینئر،علی شان ، رانا وحید،غضنفر علی اور حماد انجم شامل ہیں ۔

چیف سلیکٹر منظور جونیئر کہتے ہیں کہ ویزا مسائل کے باعث 19ویں کھلاڑی محمد عرفان جرمنی میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے جو سرپرائز دے سکتے ہیں ۔ کوالیفائر میں پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈ زسے 26 اور 27 اکتوبر کو ہوگا اس سے پہلے ٹیم جرمنی کے خلاف 22 اور 23 اکتوبر کو میچز کھیلے گی۔

مزید خبریں :