کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ خاتون دم توڑ گئی، ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی، فوٹو: فائل

کراچی میں ڈینگی مچھر نے ایک اور جان لے لی جس کے  بعد سندھ بھر میں ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی مچھر بے قابو ہوتا جارہا ہے اور گزشتہ 48 گھنٹوں میں ڈینگی سے متاثرہ 400 سے زائد افراد کے کیسز  سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے اجمیر نگری میں ایک ہی گھر کے 3 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے ایک 45 سالہ اسماء نامی خاتون نجی اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

واضح رہے کہ رواں سال کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوچکی ہے۔

سال 2019 میں سندھ بھر میں مجموعی طور پر 5 ہزار 190 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 4 ہزار 878 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

دیگر صوبوں  کی صورتحال 

دوسری جانب  پنجاب میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 229 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد رواں برس صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 302 ہوگئی۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی مں 176، لاہور میں 20، بھکر اور سرگودھا میں 4 ،4 اور اٹک  اور نارووال میں 3،3 مریض سامنے آئے ہیں۔

صوبے کے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کےزیرِ علاج مریضوں کی تعداد 486 ہے جن میں سے 8 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

کوئٹہ میں بھی ڈینگی سے متاثرہ نئے مریض سامنے آرہے ہیں  اور رواں ماہ کے دوران اب تک 9 افراد کو  فاطمہ جناح  اسپتال میں لایا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق  گزشتہ روز  ڈینگی سے متاثرہ ایک مریض کو داخل کیا گیا تھا اور اس وقت اسپتال میں 3 مریض داخل ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے اور ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی ڈینگی کے حملے جاری ہیں اور ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے  اب تک 5 ہزار  سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔