ایپل کا 399 ڈالرز کا سستا فون کئی خصوصیات کا حامل

فوٹو: بشکریہ ایس ای نیوز

معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل 2020 کے آغاز میں ’ایپل ایس ای 2‘ فون متعارف کرائے گی جس کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی قیمت صرف 399 ڈالرز ہوگی۔

ٹیکنالوجی کے مشہور تجزیہ کار منگ چی کو نے بتایا کہ ’ایپل ایس ای 2‘ صارفین کی جیب پر بالکل بھاری نہیں ہوگا کیوںکہ اس کی قیمت 399 ڈالرز ہوگی اور یہ فون  خریدنے میں آسان ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ’ایپل ایس ای 2‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا پروسیسر آئی فون 11 کے جیسا ہی ہے جب کہ ماضی میں 2016 میں کمپنی نے ’آئی فون ایس ای‘ متعارف کرایا تھا جو کہ مارکیٹ میں کامیاب ہوا تھا۔

کمپنی نے 2016 میں آئی فون ایس ای متعارف کرایا تھا جو کہ بہت کامیاب ہوا تھا۔۔۔۔۔ فوٹو: فائل

ایپل کے اس سستے فون کے ڈسپلے کی بات کی جائے تو وہ بالکل آئی فون 8 جیسا ہے جب کہ یہ سلور، گرے، اور لال رنگ میں صارفین کے لیے جلد ہی دستیاب ہوگا۔

تجزیہ کار منگ چی کا کہنا ہے کہ اس قیمت میں آئی فون کا نیا ماڈل صارفین کے لیے بہت پُرکشش  ہوگا، خاص طور پر وہ لوگ ا بھی بھی پانچ سال قبل متعارف کرایا جانے والا آئی فون 6 یا 6S استعمال کر رہے ہیں۔

’ایپل ایس ای 2‘ فون کا ڈسپلے 4.7 انچ ہے جب کہ نئے آنے والے فون کی ’اے 13 پراسیسنگ چپ‘ تیز ترین پراسیسنگ چپ ہوگی۔

واضح رہے کہ ایپل کمپنی نے حال ہی میں اپنی سالانہ تقریب میں آئی فون 11 اور 3 کیمروں پر مشتمل 11 پرو اور 11 پرو میکس سمیت دیگر مصنوعات متعارف کروائی تھیں۔

آئی فون الیون پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے لے کے 1349 ڈالرز تھی یعنی 1 لاکھ57 ہزار سے لے کر 2 لاکھ 11 ہزار (علاوہ ٹیکس) جب کہ پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز سے لے کر 1449 ڈالرز یعنی 1 لاکھ 72 ہزار سے لے کر سوا 2 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے (علاوہ ٹیکس) تھی، جو کہ صارفین کے لیے بہت زیادہ تصور کی جارہی ہے۔

آئی فون کی نئی سیریز میں کمپنی کو فون کی قیمت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا اور متعدد صارفین نے آئی فون 11کی ڈسپلے کے حوالے سے بے شمار شکایات بھی کی ہیں۔

مزید خبریں :