18 اکتوبر ، 2019
قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ وقت بہت کچھ سکھاتا ہے اور ٹیم کی کپتانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی پاکستان کے لیے بہترین خدمات ہیں اور انہیں میری مکمل حمایت حاصل ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ میں نے کپتانی کو مثبت انداز میں قبول کیا ہے اور پاکستان کے لیے کپتانی فخر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی لینا میرے لیے کوئی مشکل کام نہیں تھا لیکن کپتانی کا انحصار پوری ٹیم کی کارکردگی پر ہوتا ہے، نئے کھلاڑی اور نیا سیٹ اپ بلا خوف کھیلتا ہے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کوئی آسان ٹیم نہیں ہے اور آسٹریلیا کا آسٹریلیا میں مقابلہ بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ہے لیکن ہم اس چیلنج کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جہاں ٹیم کو میری ضرورت ہو گی اس نمبر پر کھیلوں گا، کپتانی شارٹ ٹرم نہیں، اتنا وقت ہے کہ اپنی کارکردگی دکھا سکوں۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سے متعلق سوال پر اظہر علی نے کہا کہ مصباح کے ساتھ 7، 8 سال کرکٹ کھیلا ہوں ان کے ساتھ اچھی ہم آہنگی ہے، ہیڈ کوچ کے ہی چیف سلیکٹر ہونے سے بھی آسانی ہو گی۔
قومی ٹیسٹ ٹیم میں عامر اور وہاب ریاض کی عدم موجودگی سے متعلق سوال پر اظہر علی نے کہا کہ دونوں اچھے بولر ہیں لیکن وہ اب دستیاب ہیں، ان سے فرق تو پڑے گا۔