18 اکتوبر ، 2019
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹاکر اظہر علی کو کپتان بنانے کے فیصلے کو درست جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کپتان بنانے کے فیصلے کو نامناسب قرار دے دیا۔
شاہد آفریدی کا سرفراز احمد کو ٹیم کی قیادت سے ہٹائے جانے پر کہنا ہے کہ ضروری نہیں کہ کوئی ساری زندگی کپتان بن کر ہی کھیلے۔
اپنے یو ٹیوب اکاؤنٹ پر شاہد آفریدی نے سرفراز احمد کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سرفراز کی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے کافی خدمات ہیں انہوں نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوائی اور ٹیم کو ٹی 20 رینکنگ میں بھی پہلے نمبر پر لے کر آئے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے کہوں گا کہ دل چھوٹا کرنےکی ضرورت نہیں ، ضروری نہیں کہ کوئی ساری زندگی کپتان بن کر ہی کھیلے۔
بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ زندگی میں مشکلات آتی رہتی ہیں، سرفرازاحمد کے پاس کافی وقت ہے ،ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھا کر وہ دوبارہ اپنی جگہ بناسکتے ہیں۔
اظہر علی کے حوالے سے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں ٹیسٹ کرکٹ کا کپتان بنا کر اچھا اقدام اٹھایا، امید ہے اظہر علی اپنی کارکردگی برقرار رکھیں گے۔
تاہم ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم کو کپتان بنائے جانے کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھارہے ہیں اور وہ ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ 2020 کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر شعیب ملک کو کپتان بنایا جاتا تو وہ زیادہ بہتر فیصلہ ہوتا کیونکہ شعیب ملک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور دنیا بھر میں ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیل چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی ناتجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز میں ذلت آمیز شکست کے بعد سرفراز احمد کے ستارے گردش میں ہیں اور انہیں ایک ساتھ تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے ہٹانے کے ساتھ ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا گیا ہے۔
اظہر علی کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کر دی گئی ہے جب کہ ون ڈے ٹیم کے کپتان کافیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔