کھیل
Time 18 اکتوبر ، 2019

بنگلا دیشی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا


بنگلا دیش سے آئے سیکیورٹی وفد نے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے مہمان وفد کو اسٹیڈیم میں سہولیات اور انتظامات پر بریفنگ دی۔

4 رکنی بنگلا دیشی وفد جمعرات کی شب کراچی پہنچا تھا، جمعہ کو وفد نیشنل اسٹیڈیم پہنچا تو ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور منیجر سیکیورٹیز کرنل عثمان انواری نے انہیں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر بریفنگ دی، اس موقع پر سیکیورٹی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

بنگلا دیشی وفد نے جنرل اسٹینڈز سمیت اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، اسٹیڈیم کا دورہ کرنے والے وفد کے اراکین نے مختلف حصوں کی تصاویر بھی بنائیں جبکہ موبائل کنٹرول سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔

بنگلا دیشی وفد نے جنرل اسٹینڈز سمیت اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا— فوٹو: جیو نیوز

بنگلا دیشی وفد کو ٹیم بس کی باکس سیکیورٹی کا بھی بتایا گیا۔ اس سے قبل بنگلا دیشی وفد نے ہوم سیکریٹری سےبھی ملاقات کی جس میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے طے شدہ دورہ پاکستان میں کراچی میں ہونے والے میچز کے حوالے سے انتظامات پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ بنگلا دیشی وفد کو بریفنگ دی گئی ہے، وہ دورے کے بعد رپورٹ بنگلا دیشی حکومت اور بورڈ کو پیش کریں گے۔

ذاکر خان نے ایک سوال پر کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ وفد مطمئن تھا یا نہیں لیکن پی سی بی نے اپنی جانب سے تمام معاملات پر پوری بریفنگ دی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلا دیش کی ویمن اور جونئیر ٹیم پروگرام کے مطابق آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گی۔

ایک سوال پر ذاکر خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے بنگلا دیشی وفد کو سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران بھی یہاں آنے کی دعوت دی تھی تاکہ وہ معاملات کو عملی طور پر دیکھ سکیں۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کو 23 اکتوبر کو پاکستان ویمن ٹیم کیخلاف پانچ محدود اوورز کے میچز کیلئے لاہور پہنچنا ہے جبکہ اس ہی ماہ اس کی انڈر 16 ٹیم کو بھی پاکستان آنا ہے۔

ماہرین کے مطابق ویمن ٹیم کا دورہ اگر ہوا تو وہ جنوری میں طے بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہیں بھی ہموار کردے گا۔

بنگلہ دیشی وفد لاہور روانہ ہوگیا جہاں وہ قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔

مزید خبریں :