پاکستان
Time 19 اکتوبر ، 2019

جمعیت علمائے اسلام نے مذاکرات کے دروزے بند نہیں کیے: غفور حیدری

حکومتی ٹیم اپنی تجاویز اور ایجنڈا لے کر تو آئے کہ ان پر بات ہوسکتی ہے یا نہیں، ہمارا مؤقف تو بالکل واضح ہے: جنرل سیکریٹری جے یو آئی (ف) — فوٹو: فائل 

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جنرل سیکریٹری عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ  جے یو آئی نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے۔ 

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے لیکن حکومت کی باتوں سے تو ایسا لگ رہا ہے کہ وہ مذاکرات کرنا چاہتی ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ٹیم اپنی تجاویز اور ایجنڈا لے کر تو آئے کہ ان پر بات ہوسکتی ہے یا نہیں، ہمارا مؤقف تو بالکل واضح ہے۔

خیال رہے کہ سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ کے بغیر  مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس کی جماعت اسلامی کے علاوہ تمام اپوزیشن کی جماعتوں نے حمایت کی ہے جبکہ آزادی مارچ کے اعلان کے بعد سے ہی ملک میں سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

حکومت کی جانب سے وزیردفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں 7 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنائی گئی ہے جس نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے تاہم اب مسلم لیگ (ن) نے اس پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔ 

مزید خبریں :