پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2019

ایک سال میں ساڑھے 4 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار ملا: رپورٹ

 اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ خلیجی ممالک سے معاہدوں اور حکومتی اقدامات کے باعث ہوا، رپورٹ — فوٹو:فائل 

وزارت برائے سمندر  پار  پاکستانی نے ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں 5 لاکھ 29 ہزار 430 افراد کو بیرون ملک ملازمت کیلئے رجسٹرڈ کیا گیا۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ خلیجی ممالک سے معاہدوں اور حکومتی اقدامات کے باعث ہوا، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے دور میں 12 ماہ میں 4 لاکھ 64 ہزار 568 افراد کو بیرون ملک روزگار ملا۔


خیال رہے کہ وزیراعظم کے قریبی دوست سید ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری) معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ہیں جنہیں 18 ستمبر 2018 کو یہ عہدہ دیا گیا تھا۔ 

وزارت سمندر پار پاکستانیز کے مطابق مستقبل میں مزید پاکستانیوں کو روزگار کیلئے متحدہ عرب امارات اور کویت بھیجا جائے گا۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے، صرف ستمبر کے مہینے میں پاکستانیوں نے ایک ارب 74 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات پاکستان بھیجی ہیں۔

یاد رہے کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی جلسوں میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بناکر دینے کا اعلان کیا تھا اور یہ تحریک انصاف کے منشور میں بھی شامل تھا۔

کئی وفاقی وزراء بھی ٹی وی پروگرامز میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے اعلان پر عمل درآمد سے متعلق بات کرچکے ہیں تاہم گزشتہ دنوں وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ  اِس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں دے لیکن لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا۔

مزید خبریں :