پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2019

بھارت کی جانب سے راہ فرار کی کوششوں پر پاک فوج کی ایک اور پیشکش

اگر بھارتی سفارت خانے کے اہلکار ایل او سی پر نہیں جانا چاہتے ہیں تو وہ ہمارے دفتر خارجہ کو وہ جگہ بتادیں — فوٹو: فائل

بھارت اپنے آرمی چیف کی جانب سے لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کے بیان کے بعد  پاکستان کی پیشکش پر ٹال مٹول سے کام لینے لگا۔

بھارت کی جانب سے فرار کی کوششوں پر ترجمان پاک فوج نے بھارتی سفارت خانے کو ایک اور آپشن دیا ہے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے جھوٹے دعوے کو درست ثابت کرنے کیلئے کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی سفارت خانے کے اہلکار ایل او سی پر نہیں جانا چاہتے تو وہ ہمارے دفتر خارجہ کو وہ جگہ بتادیں جہاں ان کے بقول بھارت نے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے، ہم کل اس مقام پر غیر ملکی سفارتکاروں اور میڈیا کو لے جائیں گے تاکہ وہ اصل حقائق جان سکیں۔








بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کا دعویٰ سچ ثابت کرنے کیلئے کچھ نہیں، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پیشکش پر بھارتی سفارت خانے کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں آیا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان  کے پاس اپنے آرمی چیف کے غلط دعوے کو درست ثابت کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے  امید ظاہر کی ہے کہ بھارت ہماری پیشکش کا جلد جواب دے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز  بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے تھے۔

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرل پر بلا اشتعال فائرنگ اور معصوم شہریوں کو نشانہ  بنائے جانے کے بعد بھارتی آرمی چیف نے ایل او سی پر تین مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا۔

بھارت کے دعوے پر پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے دعوے کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہاں کوئی کیمپ ہی نہیں، تو کارروائی کیسی ؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پیشکش کی تھی کہ پاکستان میں بھارتی سفارت خانہ کسی بھی غیر ملکی سفارت کار اور میڈیا کے ساتھ دورہ کر کے اس دعوے کو ثابت کر کے دکھائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارتی سینیئر عسکری قیادت مسلسل ایسے جھوٹے دعوے کر چکی ہے جو خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں، بھارتی فوج کی جانب سے ایسے جھوٹے دعوے داخلی فائدے کیلئے کیے جا رہے ہیں جو پیشہ وارانہ عسکری اخلاقیات کے منافی ہیں۔

مزید خبریں :