Time 24 اکتوبر ، 2019
پاکستان

’نوازشریف کے مسوڑوں سے خون آنے کی وجہ ٹوتھ برش تھا‘

 نواز شریف نے علاج اورطبی سہولتوں پرپر اطمینان کا اظہار کیا: یاسمین راشد_ فائل فوٹو

لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے انکشاف کیا ہےکہ نوازشریف کے مسوڑوں سے خون آنے کی وجہ ٹوتھ برش تھا۔

سروسز اسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف نے علاج اورطبی سہولتوں پرپر اطمینان کا اظہار کیا، ان کے حوالے سے ہمارے دل میں کوئی میل نہیں ، میری ہمدردیاں میاں صاحب کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پلیٹیلیٹس کم ہونے کی کئی وجوہات ہیں اور وہ اچانک بھی کم ہوناشروع ہوجاتے ہیں لہٰذا رپورٹ آنے پر مرض کی تشخیص ہوگی۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی موجودگی میں وزیر اعظم کی جانب سےنوازشریف کی عیادت کی ہے، وزیر اعظم کا نیک تمناؤں کا بیان بھی پہنچا دیا ہے۔

یاسمین راشد نے انکشاف کیا کہ نوازشریف کے مسوڑوں سے خون کی وجہ ٹوتھ برش تھا انہیں شیو اور برش کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

پس منظر

واضح رہےکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید میاں نوازشریف کی طبعیت 21 اکتوبر کو خراب ہوئی اور ان کے پلیٹیلیٹس میں اچانک غیر معمولی کمی واقع ہوئی، اسپتال منتقلی سے قبل سابق وزیراعظم کے خون کے نمونوں میں پلیٹیلیٹس کی تعداد 16 ہزار رہ گئی تھی جو اسپتال منتقلی تک 12 ہزار اور پھر خطرناک حد تک گرکر 2 ہزار تک رہ گئی تھی۔

نوازشریف کو پلیٹیلیٹس انتہائی کم ہونے کی وجہ سے 3 میگا یونٹس پلیٹیلیٹس لگائے گئے جب کہ ان کے علاج و معالجے کے لیے ایک ڈاکٹر اسلام آباد اور ایک کراچی سے بلایا گیا۔

سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کے لیے 6 رکنی میڈیکل بورڈ بنایا گیا ہے جس کے سربراہ سمز کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز ہیں۔

دیگر ارکان میں ڈاکٹر کامران خالد، ڈاکٹر عارف ندیم ،ڈاکٹر فائزہ بشیر، ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ڈاکٹر ثوبیہ قاضی شامل ہیں۔

میڈیکل بورڈ سینئر میڈیکل اسپیشلسٹ، گیسٹرو انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اسپیشلسٹ اور فزیشن پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

مزید خبریں :