پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2019

’شاہ محمود سے ملنے گئی تھی‘، حریم شاہ نے دفتر خارجہ جانے کی کہانی سنادی

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ—اسکرین گریب

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے وائرل ہونے والی اپنی متنازع ویڈیو پر خاموشی توڑتے ہوئے پوری کہانی سنادی۔

حریم شاہ نے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں شرکت کی اور دفتر خارجہ میں اپنی موجودگی سے متعلق تفصیلات بتائیں۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ ’ میں نے کہا مجھے شاہ محمود قریشی سے ملنا ہے ، مجھے وزیر خارجہ سے ذاتی کام تھا  اور اس لیے میں اُن سے ملنے گئی تھی‘۔

انہوں نے بتایا  کہ ’میں نے دفتر خارجہ جانے کی کوئی درخواست نہیں دی، شناختی کارڈ چیک کر کے اندر جانے دیا گیا، اعلیٰ سرکاری دفتر کے سیکیورٹی افسر سے اجازت لینے کے بعد ہی اندر داخل ہوئی  تھی‘۔

ٹک ٹاک اسٹار بتاتی ہیں کہ’مجھے کسی نے نہیں کہا کہ موبائل فون اندر نہیں لے جاسکتے یا اندر ویڈیو نہیں بنائی جاسکتی‘۔

حریم شاہ نے مزید بتایا وہ پی ٹی آئی اور وزیراعظم عمران خان کی حمایتی ہیں اور  پارٹی سے منسلک بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ نوازشریف کے دور میں بھی میں وزیراعظم آفس میں آتی جاتی تھیں۔

واضح رہے کہ حریم شاہ نے اعلیٰ سرکاری دفتر میں اپنی ویڈیو بنائی جس کے بیک گراؤنڈ میں گانا بھی ڈالا اور پھر اسے پوسٹ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کیا۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ حریم شاہ وزیر خارجہ کی اجلاس کی صدارت کرنے والی کرسی پر بھی بیٹھی ہیں، انہوں نے کانفرنس روم دکھائے جہاں وزیر خارجہ کی اہم ملاقاتیں ہوتی ہیں۔

بعدازاں حریم شاہ کی سرکاری دفتر میں ٹک ٹاک ویڈیو  بنانا سوالیہ نشان بن گیا جس پر  انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔  

مزید خبریں :