پاکستان
Time 24 اکتوبر ، 2019

نوازشریف کی ضمانت کی درخواست پر پنجاب حکومت سے جواب طلب


اسلام آباد: ہائیکورٹ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی اور ضمانت کی درخواست پر  پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کیلئے عدالت سے رجوع کیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

شہبازشریف نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہےکہ نواز شریف کی صحت شدید خراب ہے، وہ متعدد بیماریوں کی وجہ سے بہت تکلیف میں ہیں لہٰذا انہیں پاکستان یا بیرون ملک علاج کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی سزا بھی معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

رجسٹرار آفس کا اعتراض

ذرائع کے مطابق نوازشریف کی سزا معطلی کیلئے شہبازشریف کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا اور کہا کہ درخواست گزار شہبازشریف متاثرہ فریق نہیں۔

تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی طبی بنیادوں پرسزا معطلی کی درخواست کو اعتراض کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کرلیا۔

کیس کی سماعت

اسلام آباد ہائیکورٹ کےجسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے نوازشریف کی ضمانت کے لیے شہبازشریف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی جس کے بعد عدالت نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز اسپتال کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور محکمہ داخلہ پنجاب کو بھی نوٹسز جاری کردیے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف چوہدری شوگر مل کیس میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔


مزید خبریں :