25 اکتوبر ، 2019
ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ویڈیو کا معاملہ ابھی حل نہ ہونے پایا کہ ایک اور ٹک ٹاک صارف دفتر خارجہ جا پہنچا۔
احمد نامی ٹک ٹاک صارف کی ایک ویڈیو منظر پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ بھی دفتر خارجہ میں موجود ہے جہاں وہ اجلاس کی صدارت کرنے والی کرسی پر بیٹھاہے۔
اس کے علاوہ احمد نامی نوجوان اس مقام پر بھی گیا جہاں تمام ممالک کے جھنڈے موجود ہیں، انہوں نے اس مقام پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ سیلفی بھی لی۔
سرکاری دفتر میں حریم شاہ کی ٹک ٹاک ویڈیو نے جہاں تنازع کھڑا کیا وہیں اب احمد کی ویڈیو نے مزید سوال کھڑے کردیے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ایک ویڈیو بالی وڈ گانے کے بیک گراؤنڈ کے ساتھ وائرل ہوئی تھی جس پر سوالات اٹھے کہ انہیں دفتر خارجہ جیسے اہم سرکاری دفتر میں داخل ہونے اور ویڈیو بنانے کی اجازت کس نے دی؟
بعدازاں حریم شاہ کی سرکاری دفتر میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر انکوائری شروع کر دی گئی۔